کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صوبے جوزجان کے شہر شبرغان میں افغان طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان فورسز سے لڑائی کے بعد طالبان شبرغان شہر میں داخل ہوگئے ہیں۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے شبرغان میں افغان فورسز کے مارشل عبدالرشید دوستم کے گھر کو آگ لگادی ہے۔دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیاہے کہ شبرغان میں پولیس ہیڈکوارٹرپر قبضہ کرلیا ہے۔خیال رہے کہ افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی میں شدت کے بعد مارشل عبدالرشید دوستم بھی کئی ماہ بعد 4 اگست کی رات کابل پہنچے تھے جہاں انہوں نے شبرغان شہر کی سکیورٹی کے حوالے سے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں۔عبدالرشید دوستم کا تعلق بھی صوبہ جوزجان سے ہے اور وہ شبرغان شہر کے قریب ہی پیدا ہوئے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے امریکی شہریوں اور سفارتی عملے کے محفوظ انخلا کے لیے جانے والی فوجیوں کی تعداد دگنی کرنےکا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اپنے ایک بیان میں جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی مشن کے خاتمے اور عملےکی بحفاظت واپسی کے لیے 5 ہزار فوجی افغانستان بھیجے جائیں گے۔طالبان کو خبردار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نےکہا کہ جنگجو انخلا کے مشن پر مامور اہلکاروں کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔امریکی صدر نے افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے فیصلےکا ایک بار پھر دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 4 امریکی صدور کے دور میں ہماری فوج افغانستان میں موجود رہی لیکن وہ اب اس جنگ کوپانچویں صدر تک منتقل نہیں کریں گے.
اپنا کمنٹ کریں