سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو سزائیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کا بڑا بیان سامنے آگیا

ویئب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور رہنما لطیف کھوسہ کی پریس کانفرنس، سردار لطیف کھوسہ نے کہا آج فوجی عدالت نے 25 اشخاص کے فیصلے سنائے،آج کے فیصلے غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہا 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے خود ایک آئینی بینچ بنایا گیا۔

تفصیلات کےمطابق سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا دینے کا فیصلہ سنادیا گیا اس پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آج فوجی عدالت نے 25 اشخاص کے فیصلے سنائے،آج کے فیصلے غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،آئینی بینچ کی ہم شدید مخالفت کرتے آئے ہیں،آئینی بینچ کس طرح اپیل کو دیکھ رہا سب سامنے آگیا،اس اپیل کا کیا مقصد ہے اگر آپ زیر سماعت ہونے پر بھی فیصلے ہو جائیں۔

جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کرے،بانی پی ٹی آئی کو عدالت کے اندر سے 9 مئی کو گرفتار کیا گیا،سپریم کورٹ نے اس گرفتاری کو غیر آئینی قرار دیا،واضح فیصلہ دیا گیا کہ ایوان کے اندر سے کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا،جنہوں نے گرفتار کیا آج تک کسی کو کوئی سزا نہ دی گئی،کسی تخریب کاری میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔

لطیف کھوسہ نے کہا بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرامن رہنے کی کال دی،ہمارے احتجاج میں کبھی ایک پتہ ایک گملا نہیں ٹوٹا ،سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ فوجی عدالتیں سویلینز کے کیسز کا فیصلہ نہیں کرسکتی،ہماری خواہش تھی کہ اس ایشو پر پوری سپریم کورٹ فیصلہ کرے،اس معاملے پر مقتدر حلقے بہت آگے تک جا چکے تھے،فتوے بھی دئیے گئے کہ ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،فارمیشن کمانڈرز اور کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی اس ایشو کو اٹھایا گیا۔

تحریک انصاف کے خلاف ایک مذموم جدوجہد کی جا رہی ہے،بانی چیئرمین کو جس انداز میں ہٹایا گیا اس کے تسلسل میں یہ سب کچھ ہوا،لندن میں باجوہ اور نواز شریف کا جو پلان ہوا اسی کا سب کچھ اب تک چل رہا،پاپا روم بادشاہ سلامت نواز شریف کی واپسی بھی پلان کا حصہ تھی،عدالتی احکامات پر ہائی کمشنر کو ان کی گرفتاری کرکے اڈیالہ جیل لایا جانا چاہئے تھے۔

لیکن نواز شریف کو ریڈ کارپٹ پر اسلام آباد ائیرپورٹ لایا گیا،نواز شریف کے لیے بائیو میٹرک تصدیق بھی ائیرپورٹ پر کی گئی،ہمارے کارکنان کی گرفتاریوں کے لیے چادر چار دیواری کو پامال کیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کا کیس غیر آئینی ہے،اس میں بس ایک الزام لگا دیا جاتا ہے اور ہمیں اپنے حقوق سے محروم کر دیا جاتا ہے،آرمی ایکٹ کہتا ہے کہ سویلین پر الزام لگا دیں اور کیس فوجی عدالت میں آجاتا ہے،26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے خود ایک آئینی بینچ بنایا گیا،اس بینچ کے ذریعے سویلینز کے ٹرائل کے حوالے سے سپریم کورٹ فیصلے رد کروایا جائے گا۔

اگر ایسا ہوا تو یہ انتہائی بدقسمت لمحہ ہوگا پاکستانی عوام کے لیےجو ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ ہوا ہم ابھی تک اس سے نکل نہ سکے،مقتدرہ سے اپیل کرتا ہوں ایسا مت کریں پوری دنیا میں ہمارا مذاق بنے گا،پاکستان میں آئین قانون شرافت کسی سطح پر تو باقی رہنے دیں،پوری دنیا مانتی ہے کہ فوجی عدالتیں حقیقی عدالتیں نہیں ہوتیں۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اس ملک میں رہنے والوں کو ریوڑ سمجھنا بند کیا جائے،تاریخ میں اس فیصلے کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا،پی ٹی آئی کو یا اس کے قائد کو ختم کرنے کی کوشش پاکستان کی یگانیت کو ختم کرنے جیسی ہے ،خدارا پاکستان کے اوپر مزید زخم نہ لگائے جائیں،ہمیں نیست کرنے کی ناکام کوشش نہ کریں آپ نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع ابلاغ کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سول نافرمانی کی ڈیڈ لائن کے حوالے سے متضاد بیانات بھی سامنے آئے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آج ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، ہم نے اپنے بیرون ملک چیپٹرز کو ریمٹنس کے حوالے سے متحرک کر دیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج کے دن ڈیڈ لائن ابھی تک باقی ہے، میں بڑے وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ آج ہفتے تک کا وقت باقی ہے، ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کو دیکھا جائے گا۔

اپنا کمنٹ کریں