ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

لاہور  : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔ بیشتر علاقے سرد اور خشک رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور ابر آلود موسم کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، شام یا رات کے وقت بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور اس کے ارد گرد بھی موسم سرد اور ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی محسوس ہو گی۔ قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ اور ان کے ارد گرد جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے بالائی اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور اس کے گرد و نواح میں شدید سردی اور ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ہوگی، اور شام یا رات کے وقت چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور یہاں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

اپنا کمنٹ کریں