ویب ڈیسک: ملک میں خون جما دینے والی سردی نے ڈیرے ڈال لیے، پہاڑوں پر ہر طرف برف کی سفیدی چھا گئی جس کے بعد موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی بھی پیشگوئی کر دی۔
تفصیلا ت کے مطابق غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں جبکہ مالم جبہ، کالام، کاغان اور شوگران نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور بہاولپور میں دُھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنو بی پنجاب کے بیشتر حصوں میں دُھند رہنے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش اوربرفباری کی توقع ہے، بالائی خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوہستان، چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
آزادکشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، بعض میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں سردہواؤں نے سردی بڑھادی، پارہ صبح سویرے 12 تک گرگیا، درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز لہہ میں درجہ حرارت منفی 13، اسکردو اور گوپس میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، کالام اور قلات میں منفی 6 ڈگری کی سردی پڑی جبکہ دیر اور مالم جبہ میں منفی 4 کی سردی پڑی۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جنوری کے اوائل میں بارش کا سسٹم بنے گا تاہم معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔
اپنا کمنٹ کریں