محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں موسمی تغیرات کی نوید سنادی۔ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ تیز ہواؤں کا زور ہوگا، جبکہ پہاڑوں پر برف کے سفید قالین بچھنے کی امید ہے۔
تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق، مغربی ہوائیں آج سے ملک کے شمالی حصوں میں داخل ہوں گی، جن کی بدولت مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارش برسنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے برفیلے علاقے بھی بارش اور برفباری کی لپیٹ میں آئیں گے۔ ادھر بلوچستان کے سولہ اضلاع میں گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حدِ نظر متاثر ہوسکتی ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 7 دسمبر سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث 8 سے 14 دسمبر کے دوران سردی کی شدید لہر آنے کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم ہو گا جبکہ کراچی میں بھی سردی میں اضافہ متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جاسکے۔
اپنا کمنٹ کریں