سنگاپور سٹی (این این آئی )دنیا میں سب سے کم وزن کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں پیدا ہونے والی بچی کا وزن پیدائش کے وقت ایک سیب کے برابر یعنی 212 گرام اور لمبائی 24 سینٹی میٹر تھی اور اس بچی کی پیدائش صرف 25 ہفتوں بعد ہوئی تھی یعنی بچی معمول کے 40 ہفتوں کی پیدائش سے بھی 15 ہفتے بہت پہلے پیدا ہوئی۔
کویک یو زوان سے قبل پیدائش کے وقت سب سے کم وزن رکھنے والی بچی کا تعلق امریکا سے تھا جو 2018 میں پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن 245 گرام تھا۔بچی کی والدہ کے ہائی بلڈ پریشر کے باعث زچہ و بچہ کی جان کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر ڈاکٹروں کو پیدائش کے مقررہ وقتِ سے تقریبا 4 ماہ قبل ہنگامی بنیادوں پر خاتون کا آپریشن کرنا پڑا۔سنگاپور کے نیشنل ہیلتھ یونیورسٹی اسپتال کے مطابق پیدائش کے وقت بچی کا بچنا مشکل معلوم ہو رہا تھا تاہم 13 ماہ بعد کویک یو زوان کا وزن ایک صحت مند بچے کے برابر یعنی 6.3 کلوگرام ہو چکا ہے اور بچی کو اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نیشنل یونیورسٹی اسپتال کا بتانا ہے کہ دوران علاج کویک یو زوان کی مختلف ٹریٹمنٹس کی گئیں اور انہیں زندہ رکھنے کے لیے متعدد مشینوں پر رکھا گیا۔یو زوان کی والدہ کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش نے سب کو حیران و پریشان کر دیا تھا کیونکہ ہمارا پہلا بیٹا جو اب 4 سال کا ہے اس کی پیدائش بالکل نارمل طریقے سے ہوئی تھی۔
اپنا کمنٹ کریں