مرزا پور کے منا بھیا کونسی فلم میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں؟

مشہور زمانہ بالی ووڈ ویب سیریز مرزا پور کے مقبول کردار منا بھیا کا کہنا ہے کہ وہ ہارر فلموں میں کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

اداکار دیویندو نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے خوابوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ایک ہارر فلم میں کام کرنا اور ویمپائر کا کردار ادا کرنا چاہتے تھے تاہم انہیں اب تک کوئی ایسا کردار نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اداکار کے لیے مختلف کرداروں کو آزمانا ہی حقیقی خوشی کا باعث بنتا ہے، چاہے کامیابی ملے یا ناکامی۔

یاد رہے کہ مرزا پور اسٹار دیویندو نے ’پیار کا پنچنامہ‘ میں کامیڈی کردار سے شہرت حاصل کی اور بعد میں ’مرزاپور‘، ’دی ریلوے مین‘ اور حالیہ کامیڈی فلم ’مدگاؤں ایکسپریس‘ جیسے پراجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

دیویندو نے اعتراف کیا کہ کامیابی کے ساتھ دباؤ بھی بڑھتا ہے لیکن وہ اس دباؤ کو مثبت انداز میں لینا چاہتے ہیں اور بار بار ایک جیسے کردار ادا کرنے سے گریز کریں گے۔

واضح رہے کہ دیویندو اپنی آنے والی فلم ’اگنی‘ میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو پراسرار آتشزدگی کے کیسز کی تحقیقات کرتا ہے۔ راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم میں پراتیک گاندھی، سائی تمہنکر اور سائیامی کھیر بھی شامل ہیں۔ دیویندو کی یہ فلم 6 دسمبر 2024 کو پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی۔

اپنا کمنٹ کریں