وہ خوبصورت ملک جو ورک فرام ہوم کرنے والوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے

کیا آپ کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہیں، تو کیا کسی اور ملک میں منتقل ہونا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو افریقی ملک کینیا آپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

کینیا کے صدر William Ruto نے کچھ ہفتے قبل ڈیجیٹل نوماڈ ورک پرمٹ نامی پروگرام کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ یہ ویزا پروگرام ڈیجیٹل پروفیشنلز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو انہیں کینیا میں رہائش اور کام کرنے کی سہولت فراہم کرے گا جس کے ساتھ ساتھ وہ افریقی ملک کی قدرتی خوبصورتی اور معیاری طرز زندگی سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔

یہ نیا ویزا پروگرام کینیا میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور سیاحت کو بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

کینیا کے ڈیجیٹل نوماڈ ویزے کے حصول کے لیے امیدواروں کو چند شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔

ان کے پاس پاسپورٹ، کینیا سے باہر ملازمت کا ثبوت، کینیا کے اندر رہائش کا ثبوت ہونا ضروری ہوگا اور یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ جرائم پیشہ نہیں۔

ایسے افراد کی کم از کم سالانہ آمدنی 53922 ڈالرز ہونا ضروری ہوگی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ویزا کب تک لوگوں کو دستیاب ہوگا جبکہ اس کی مدت یا فیس کتنی ہوگی، اس بارے میں بھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

البتہ اس پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے کینیا کے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریش سروسز کی ویب سائٹ پر جاکر اپ ڈیٹس کو دیکھ سکتے ہیں۔

ڈیجیٹل نوماڈ ویزے کے ساتھ ساتھ کینیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سیاحت یا کاروبار کی غرض سے کینیا آنے والے غیرملکی افراد 90 دن تک ویزا فری قیام کرسکتے ہٰں۔

اس پروگرام کا مقصد کینیا میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

اپنا کمنٹ کریں