ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کیسا رہے گا، بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جانیں

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی آج دن میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے،شام کے وقت آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں آج موسم شدید گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، مری، گلیات، پوٹھوہار، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔ سرگودھا، میانوالی، بھکر اور لیہ میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ سکھر، لاڑکانہ اور گردونواح میں آندھی چلنے کی توقع ہے،جبکہ آزاد کشمیرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

لاہورمیں تیز ہواوں کے ساتھ بوندا باندی نے دن بھر رہنے والی گرمی کا زور توڑ ديا۔ رات گئے تیز ہواوں کے ساتھ ہونیوالی ہلکی بارش نے شہر کا موسم خوشگوارکردیا۔ مال روڈ، لارنس روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ، گلبرگ، جوہرٹاون، دھرم پورہ سميت لاہور کے متعدد علاقوں میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خصوصا رات بھر بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ ٹریفک پولیس اور ریسکیو کی جانب سے شہريوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے اورمحتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔

اپنا کمنٹ کریں