پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید مبینہ طور پر پشاور سے اغوا

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر پشاور سے اغوا کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سول آفیسر کالونی کے قریب پیش آیا، جہاں صنم جاوید کو زبردستی ایک گاڑی میں بٹھا کر لے جایا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ شرقی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق صنم جاوید اپنی ساتھی حرا بابر ایڈووکیٹ کے ہمراہ ایک ہوٹل سے واپس آرہی تھیں کہ راستے میں چند افراد نے ان کی گاڑی روکی اور صنم جاوید کو زبردستی ساتھ لے گئے۔

حرا بابر ایڈووکیٹ نے بیان میں کہا کہ:

’’صنم جاوید نے مجھے عشائیے پر مدعو کیا تھا۔ ہم ہوٹل سے واپس آرہے تھے کہ اچانک کچھ لوگ نمودار ہوئے، گاڑی روکی اور صنم جاوید کو زبردستی لے گئے۔ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار تماشائی بنے رہے۔‘‘

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
اب تک صنم جاوید کی بازیابی عمل میں نہیں آسکی جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پشاور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ قریبی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ اغوا کاروں کی شناخت کی جا سکے۔