محکمہ موسمیات نے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کریتے ہوئے جن شہروں میں بادل برسنے کی توقع ہے، ان کے نام بھی بتا دیے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع آج ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام کو کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ اور پشین میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح چاغی، نوشکی، خضدار، بارکھان، سبی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بادل کب برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی
اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور قلات میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح زیارت میں 3 اور ژوب میں 9،سبی میں 14، تربت میں 19، نوکنڈی میں 15 اور چمن میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ بارش برسانے والا سسٹم آج بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں محکمہ موسمیات نے 25 فروری سے یکم مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسی طرح مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع بھی ہے۔