جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ ؛ 450 مسافروں کو یرغمال بنالیا

جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ ؛ 450 مسافروں کو یرغمال بنالیا

 سٹی 42:بلوچستان کے بولان کے علاقے مچھ میں اب گم کے قریب جعفر ایکسپریس پر مسلح افراد کے حملے کے بعد عسکریت پسندوں نے 450 مسافروں کو یرغمال بنا لیا ۔

دہشت گردوں نے ریل کی پٹری کو دھماکے سے اڑا دیا اور سینکڑوں افراد کو یرغمال بنانے سے پہلے ٹرین پر اندھا دھند فائرنگ کی۔؛ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 کے قریب دہشت گردوں نے ٹرین پر فائرنگ کی جس سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا، فائرنگ سے ٹرین کے ڈرائیور سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔مقامی انتظامیہ نے کوئٹہ اور سبی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی کیونکہ حملے کی جگہ سے متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹریک پر ریل کی آمدورفت معطل ہے۔

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں شدید فائرنگ کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ ایمبولینسز، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور ایک ٹرین جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔تاہم انہوں نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے علاقے تک رسائی میں مشکلات ہیں۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ سبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم واقعے کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں اور دہشت گردی کی کارروائی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔