گنڈا پور کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے بعد عمران خان کا ایک اور بڑا فیصلہ

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹائے جانے کے ایک روز بعد ہی بانی پی ٹی آئی نے ارکان کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔ پی ٹی آئی ارکان نے پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے کر اپنے استعفے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیئے۔

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے والے پی ٹی آئی ارکان کی تعداد سات ہوگئی۔ اسمبلی میں پی اے سی سمیت کئی کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پی ٹی آئی کے پاس ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ رانا شہباز نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ حمبل ثناء، ممتاز فرخ جاوید مون، شیخ امتیاز نے بھی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

امتیاز محمود نے قائمہ کمیٹی لوکل گورنمنٹ کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا جب کہ قائمہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول اویس ورک بھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے بانی نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔