اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان کا میچ دیکھا، ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو آج سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کا میچ دیکھا، میچ ہارنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے سارا غصہ آج کرکٹ پر اتارا اور انہوں نے میچ ہارنے پر بڑے دکھ کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میرے متعلق صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کرکٹ کو تباہ کردیا گیا ہے، کرکٹ ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی بہت افسردہ ہیں، کرکٹ کے ساتھ پاکستان کے عوام کی وابستگی ہے، پچھلے چند سالوں میں کرکٹ کو مذاق بنا دیا گیا۔