راولپنڈی: طالبہ کو بھائی کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو سزائے موت

راولپنڈی کے علاقے ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں 22 سالہ طالبہ کو اس کے بھائی کے سامنے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو عدالت نے سزائے موت سنادی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی کی عدالت نے راولپنڈی کے علاقے ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں 22 سالہ طالبہ کو اس کے بھائی کے سامنے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنادی۔

عدالت نے مجرم ارشد محمود عرف اچھو کو 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 5 لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں 20 جولائی 2024 کو متاثرہ طالبہ کی والدہ کلثوم مائی کی جانب سے درج کرائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ( ایف آئی آر ) میں کہا گیا تھا کہ میں گھروں میں کام کاج کرتی ہوں، وقوعہ کے روز دو بیٹیوں کو ساتھ لے کر کام پر گئی ہوئی تھی جبکہ میری 22 سالہ بیٹی اور 9 سالہ بیٹا گھر ہی پر تھے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ارشد عرف اچھو نامی ملزم گھر میں زبردستی گھس آیا اور اس نے میری جوان بیٹی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا، بیٹی اور کم سن بیٹے کے شور کرنے پر ملزم بھاگ گیا۔

ایڈیشنل سیشن جج افشان اعجاز صوفی نےاپنے فیصلے میں کہا کہ مجرم کو اس وقت تک تختہ دار پر لٹکایا جائے جب تک اس کی موت واقع نہیں ہو جاتی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں ارشد محمود عرف اچھو کو 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 5 لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔