میرا جسم میری مرضی،عاشق کے ساتھ پکڑی گئی بیوی کا شوہر کو جواب

بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے مورنئی پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق کو رنگے ہاتھوں اپنے گھر میں پکڑنے کے بعد پولیس کو شکایت کی ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتا، کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ بیوی اسے اور اس کے بیٹے کو قتل کر کے لاشیں ڈرم میں چھپا سکتی ہے۔

متاثرہ شخص، پون، محکمہ صحت مہوبا میں ملازم ہے، جبکہ اس کی بیوی، ریتو ورما، ایک سرکاری گرلز کالج میں کلرک ہے۔ دونوں کا چھ سالہ بیٹا ہے۔ پون نے پولیس کو بتایا کہ ریتو کا مقامی کونسلر ابھشیک پاتھک کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے، جس کی اطلاع اسے اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی۔پون نے کہا، “جب میں نے اسے پہلی بار رنگے ہاتھوں جنسی عمل کرتے پکڑا تو اس سے بات کر کے سمجھانے کی کوشش کی، لیکن اس نے صاف کہا کہ ‘میرا جسم میری مرضی، تم کون ہوتے ہو روکنے والے؟’ تب سے ہم الگ رہ رہے ہیں۔”

گزشتہ رات پیش آئے واقعے کے بارے میں پون نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے سے ویڈیو کال پر بات کر رہا تھا کہ اسے لگا گھر میں کوئی اور بھی موجود ہے۔ اس شک پر اس نے پولیس کو اطلاع دی، جو فوراً موقع پر پہنچی۔پون نے الزام لگایا کہ جب پولیس نے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی تو اندر سے ابھشیک پاتھک نکلے، جو کہ مقامی کونسلر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نہ صرف محلے داروں کو ڈرایا بلکہ پولیس سے بھی الجھنے کی کوشش کی۔

پون نے اس سارے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ ویڈیو میں ابھشیک پاتھک کو بلند آواز میں شور مچاتے اور لوگوں کو دھمکاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اپنی شکایت میں پون نے مزید کہا، “میں اپنی بیوی کے ساتھ نہیں رہ سکتا کیونکہ وہ مجھے اور میرے بچے کو زہریلی چائے پلا کر مار سکتی ہے۔ ہوسکتا ہے ہماری لاشیں کسی ڈرم میں بند ملیں۔”

پون کا یہ بیان اترپردیش کے میرٹھ میں پیش آئے اس ہولناک واقعے کی یاد دلاتا ہے جس میں مرچنٹ نیوی کے سابق افسر سوربھ راجپوت کو اس کی بیوی مسکان رستوگی اور اس کے عاشق ساحل شکلا نے قتل کر کے لاش کو ڈرم میں بند کر دیا تھا۔پولیس افسر رامویر سنگھ نے بتایا کہ، “112 پر شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ ویڈیو کی بھی جانچ ہو رہی ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔”فی الحال پولیس نے ویڈیو کو بطور ثبوت لیا ہے اور معاملے کی مکمل تفتیش شروع کر دی ہے۔ متاثرہ شوہر نے اپیل کی ہے کہ اسے اور اس کے بیٹے کو تحفظ فراہم کیا جائے۔