چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں آج دفاعی چیمپیئن پاکستان نیوزی لینڈ کے مدِمقابل

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ ایونٹ کے افتتاحی اور ڈے نائٹ میچ میں دفاعی چیمپیئن اور میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ مقامی وقت کے مطابق دن 2 بجے مدِمقابل ہوں گے۔

پاکستان 1996 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ فائنل میں اس نے روایتی حریف انڈیا کو 180 رنز سے ہرایا تھا۔

فخر زمان نے شاندار سینچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ حسن علی مجموعی طور پر 13 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی کی اپ گریڈیشن کی ہے۔

نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے جس میں ڈریسنگ رُومز اور ہاسپیٹیلٹی باکسز شامل ہیں۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ، انڈیا اور بنگلہ دیش گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ گروپ بی آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے۔

ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 23 فروری کو دبئی میں انڈیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرے میچ میں 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدِمقابل ہوگا۔