سرکاری ملازمت کے خواہش مند افراد کیلئے اچھی خبر، عمر میں بڑی رعایت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں 5 سال کی رعایت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ منظوری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ اجلاس میں دی گئی، جس میں صوبائی وزراء، مشیران اور سیکریٹریز نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل گورنر سندھ نے اس بل پر اعتراضات لگا کر اسے سندھ اسمبلی کو واپس بھیج دیا تھا۔ گورنر نے جامعات اور تعلیمی بورڈز میں سربراہوں کی تقرریوں کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

علاوہ ازیں، کابینہ نے سرکاری ملازمت کے لیے عمر میں 5 سال کی رعایت کی بھی منظوری دی۔ ذرائع کے مطابق، اس سے قبل سرکاری ملازمتوں کے لیے امیدواروں کو 15 سال تک کی عمر کی رعایت حاصل تھی، تاہم بعد میں اسے ختم کر دیا گیا تھا۔ اب حکومت نے ایک بار پھر 5 سال کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے سرکاری نوکری کے خواہشمند افراد کو فائدہ ہوگا۔