وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، ہم نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کیں، جب بھی ملک میں ترقی ہوئی وہ ن لیگ کے دور میں ہوئی ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا، پی ٹی آئی اپنے دور میں صرف پیسہ کمانے میں لگی ہوئی تھی۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپ لوگوں کے نمائندے ہیں آپ کے مسائل حل کرنا ہمارا فرض ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، صاف، پانی اور گیس کے مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوگی پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشت میں شمار ہوگا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ روز نئے ریکارڈ بنا رہی ہے، ملک میں کاروبار بحال ہو رہا ہے، ہمارا عوام سے وعدہ تھا کہ عوام کے درمیان رہیں گے۔